Breaking News

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

لاہور : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے،جس میں کہا گیا کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی ، درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت مسلسل عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے ۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا،عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا گیا، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔

یاد رہے دو روز قبل حکومت نے ماہ اکتوبر کے پندرہ دنوں کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی دو روپے، لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں8روپے82پیسے، مٹی کےتیل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔

The post پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3l24YNF

No comments