واش روم میں خفیہ کیمروں کی تنصیب، نجی اسکول کو سیل کردیا گیا
کراچی : ڈپٹی کمشنرشرقی نے واش روم میں خفیہ کیمرے لگانے پر نجی اسکول کو سیل کردیا، ڈی جی اسکولز منصوب صدیقی نے اسکول سیل کرنے کیلئے ڈی سی ایسٹ کو خط لکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صفوراکےقریب نجی اسکول میں خفیہ کیمرے لگانے سے متعلق کیس میں ڈپٹی کمشنرشرقی نے نجی اسکول کوسیل کردیا، نجی اسکول کوڈی جی اسکولزکی درخواست پرسیل کیا گیا۔
یاد رہے ڈی جی اسکولز نےخفیہ کیمروں کی تنصیب کے معاملے پر اسکول سیل کرنے کےلیے ڈی سی ایسٹ کو خط لکھا تھا۔
ڈی جی اسکولزمنصوب صدیقی نے خط میں کہا تھا کہ اسکول کو سیل کیا جائے، 3نومبر کو نجی اسکول میں ٹیچرشکایت پر دورہ کیا گیا، ٹیم کو اسکول کے اندر خفیہ کیمروں کی تنصیب کا پتا چلا۔
منصوب صدیقی کا کہنا تھا کہ پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے، قوانین کے تحت اسکول کی رجسٹریشن کینسل کردی گئی۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عمران ریاض نے صفورا کےقریب اسکول میں خفیہ کیمروں کی تنصیب سے متعلق کیس میں کہا ہے کہ ڈی جی اسکولز نےتا حال تحریری درخواست نہیں دی ، زبانی درخواست پر ایف آئی اے کام نہیں کر سکتی۔
عمران ریاض کا کہنا تھا کہ اسکول کو بھی تاحال سیل نہیں کیا گیا ہے ، کیا ایک چھاپہ مارنے کے بعد محکمہ تعلیم کا کام ختم ہوگیا ؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی اسکول کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ خفیہ کیمرے سے ویڈیوز بنائی جاتی تھیں، محکمہ تعلیم کی ٹیم نے اسکول کے دورے کے دوران واش رومز سے خفیہ کیمرے بر آمد کیے، اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی تھی۔
The post واش روم میں خفیہ کیمروں کی تنصیب، نجی اسکول کو سیل کردیا گیا appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3BRPYaf
No comments