سندھ میں سمندر میں نہانے اور ماہی گیری پر پابندی عائد
سمندر میں طغیانی کے باعث سندھ حکومت نے سمندر میں نہانے اور ماہی گیری پر 7 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے اس دوران سمندر پر جانے پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سمندر میں طغیانی ہے اور اس موقع پر سمندر میں نہانے سے جانی نقصان کا اندیشہ ہے اور تفریح پر جانے والوں کے لیے بھی خطرہ ہے اس لیے حفاظتی اقدام کے طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز تیز ہواؤں سے سمندر میں طغیانی کے باعث کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں 2 کشتیاں ڈوب گئیں جن میں مجموعی طور پر 38 ماہی گیر سوار تھے، جن میں سے 30 ماہی گیروں کو بچالیا گیا جب کہ8 ماہی گیروں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 4ماہی گیروں نے لکڑی کے تختے پر تیر کر اپنی جان بچائی، امدادی اداروں کے مطابق پانی سے نکل کر جان بچانے والوں میں عثمان ملاح، ہارون چنہ، خمیسو ملاح اور صدیق ملاح کو کیٹی بندر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پاکستان فشر فوک فورم کے مطابق ڈوبنے والی کشتیاں الصدیق اور البحریہ ابراہیم حیدری کراچی سے کھلے سمندر میں شکار کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
The post سندھ میں سمندر میں نہانے اور ماہی گیری پر پابندی عائد appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3qTAhgy
No comments