Breaking News

لالچ نے اندھا کردیا، شہری کروڑوں روپے سے محروم

راتوں رات امیر ترین بننے کے لالچ نے بھارتی شہریوں کو کہیں کا نہ رکھا اور وہ اپنے کروڑوں روپے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔

سنتے آئے ہیں کہ لالچ بری بلا ہے اور یہ حقیقت بھی ہے لالچ انسان کو کہیں کا نہیں چھوڑتا ایسا ہی ایک واقعہ پڑوسی ملک بھارت میں پیش آیا جہاں لوگ راتوں رات دولت بڑھانے کے لالچ میں اپنے پاس موجود 1200 کروڑ روپے بھی گنوا بیٹھے۔

دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کی بڑھتی مقبولیت نے دولت پرست ہر شخص کی آنکھیں خیرہ کردی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ چوکھا کی مثل کے مترادف بغیر کسی محنت کے کروڑوں اور اربوں پتی بن جائیں اور اسی لالچ میں کرپٹو کرنسی کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ نہ ہونے کے باعث آئے دن لوگ اپنی کمائی دھوکے باز افراد کے جھانسے میں آکر گنوا بیٹھتے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جعلی کرپٹو کرنسی ’ مورس کوائن‘ کے نام پرعوام سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس نے لوگوں کو کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے تھی اور ریاست کیرالہ میں 900 سے زائد سرمایہ کاروں کو کرپٹوکرنسی پرمنافع کا لالچ دے کر 1200 کروڑ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہوگیا تھا۔

ملزم اسٹاک گلوبل بروکرز پرائیوٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز میں سے ایک ہے۔ مذکورہ کمپنی نے پونزائی اسکیم کے ذریعے لوگوں کو ایک فرضی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کے عوض ساڑھے تین فیصد روزانہ منافع کی ترغیب دی جس پر لوگوں کی بڑی تعداد نے سرمایہ کاری کی۔

اس سے کچھ دن قبل ہی افریقا کے پسماندہ ملک کینیا میں بھی کرپٹو کرنسی کے نام پر عوام سے فراڈ کی اطلاعات آئی تھیں وہاں کی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جعل سازوں نے کرپٹو کرنسی کی آڑ میں شہریوں کو 120 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے محروم کردیا تھا۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3MI68aF

No comments