Breaking News

روس یوکرین جنگ: امریکا کیا کرنے جارہا ہے؟

واشنگٹن: امریکا نے سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے کے طریقوں پر غور شروع کردیا ہے جبکہ یوکرین کا مطالبہ ہے کہ روس کی رکنیت کوچیلنج کیاجاسکتاہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے اراکین کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکا سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنےکے طریقہ پر غور کررہا ہے، روس کی سلامتی کونسل کی رکنیت ختم کرنے کے امکان کی تحقیقات جاری ہے، ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ادھر یوکرین کا کہنا ہے کہ جو رکنیت سوویت یونین کو حاصل تھی، وہ روس کو نہیں دی جانی چاہیے، روس کی رکنیت کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین جنگ: کینیڈا کا روس کے خلاف بڑا فیصلہ

یاد رہے کہ 1945ء میں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین اور سوویت یونین کو مستقل رکنیت دی گئی تھی، 1991ء میں سوویت یونین کے ٹوٹنے پر رکنیت روس کو منتقل کردی گئی تھی۔

دوسری جانب یوکرین سے جنگ پر روس کو عالمی سطح پر پابندیوں کا سامنا ہے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے روس سے خام تیل کی درآمد پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران تیل کی خریداری پر پابندی کا اعلان کیا اور کہا کہ حالیہ برسوں میں کینیڈا کی جانب سے روسی تیل کی کم مقدار کے باوجود یہ اقدام ایک مضبوط پیغام ہے۔

ٹروڈو نے کہا کہ ‘ہم روسی خام تیل کی تمام درآمدات پر پابندی کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ اس شعبے کی وجہ سے صدر پوٹن اور روسی اولیگارچز بہت فائدہ لے رہے ہیں’۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Nw9zd0R

No comments