ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے مریض ہلاک، اسپتال میدان جنگ بن گیا
کراچی : نارتھ ناظم آباد میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے مریض جاں بحق ہوگیا، جاں بحق مریض کےلواحقین نے لاش رکھ کر فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا، متوفی کے اہل خانہ سراپا احتجاج بن گئے، قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے علی محمد نامی شہری کو پیٹ درد کی شکایت پر مقامی اسپتال لایا گیا تھا، جو دوران علاج ہلاک ہوگیا۔
اس واقعے کے خلاف متوفی کے لواحقین نے اسپتال میں ہنگامہ آرائی کی ان کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال کے ڈاکٹر اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے میڈیا نمائندگان کو احتجاج کی کوریج سے روکنے کی کوشش کی، اہلکاروں نے کیمرہ مینوں پرتشدد کیا اور کیمرہ چھیننے کی کوشش بھی کی۔
بعد ازاں ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد نے مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کیے اور غفلت کے مرتکب افراد کےخلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا، معاملے سے سندھ ہیلتھ کمیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا، پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔
بعد ازاں واقعے سے متعلق نجی اسپتال کی انتظامیہ کا موقف بھی سامنے آگیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق مذکورہ مریض کو دوپہر 12 بجے اسپتال لایا گیا تھا۔
مریض کو پیٹ درد کی شکایت تھی، مریض کو حالت خراب ہونے پر آئی سی یو منتقل کیا گیا، آپریشن سے پہلے لواحقین نے مریض کو دوسرےاسپتال منتقل کردیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق لواحقین نے اسپتال میں صرف 25 ہزار روپے جمع کرائے، اسپتال میں لواحقین کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/GUXFYyN
No comments