Breaking News

پالتو کتوں نے اپنی ہی مالکن کی جان لے لی

امریکا میں گھر میں پالے ہوئے کتوں کی لڑائی رکوانے کیلیے 60 سالہ مالکن درمیان میں آئی تو غصے سے بپھرے کتوں نے حملہ کرکے اپنی ہی مالکن کی جان لے لی۔

واقعہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا جہاں 60 سالہ خاتون روڑاواگنرنے بہت سے کتوں کو پال رکھا تھا اور وہ ان جانوروں سے بیحد پیار کرتی تھی۔ لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ جن جانوروں کو وہ اتنا پیار کرتی ہے ، اسی کی وجہ سے وہ اپنی زندگی گنوا دے گی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق واقعے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ خاتون کے دو پالتو کتے آپس میں لڑ رہے تھے کہ ان کی لڑائی ختم کرانے کیلیے روڑاواگنر درمیان میں آگئی لیکن کتے تو غصے میں پاگل تھے انہوں نے ایک دوسرے کو چھوڑ کر اپنی مالکن پر ہی حملہ کردیا اور اسے نوچ نوچ کر اس کی جان لے لی۔

جب پولیس نے کتوں کے حملے کے بعد روڑا کی لاش برآمد کی تو اس کی شناخت مشکل ہوگئی تھی کیونکہ کتوں نے اسے بری طرح نوچا کھسوٹا تھا۔ واقعے کے بعد پیٹ ہاؤس نے حملہ آور کتوں کو اپنے پاس رکھ لیا ہے تاہم لوگوں نے ان خونخوار کتوں کو مارنے کی درخواست کی ہے۔

اس واقعے کے بعد آس پاس کے لوگ بھی صدمے میں ہیں ۔ کوئی بھی یقین نہیں کر پا رہا ہے کہ جو خاتون کتوں سے اتنی محبت کرتی تھی ، وہ آج ان ہی کی وجہ سے زندہ نہیں ہے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/XBsrdvm

No comments