Breaking News

دمام میں تجارتی پردہ پوشی پر سخت سزائیں

ریاض: سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے خلاف عدالت نے جرمانے اور ملک بدری کی سزا کا حکم صادر کر دیا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری مہم کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مشرقی ریجن کے دمام شہر میں تجارتی پردہ پوشی کے تحت قائم کی گئی ایک اور کمپنی کو سیل کردیا جبکہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی کے خلاف اکھٹے ہونے والے تمام ثبوت عدالت کے حوالے کردیے گئے۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت اور ثبوتوں کی روشنی میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث شامی باشندے اور سعودی شہری کے خلاف 4 لاکھ ریال جرمانے کا حکم سنا دیا۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا تھا کہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ادارے کو مستقل بنیادوں پر سیل کیا جائے جبکہ ادارے کی کمرشل رجسٹریشن سجل تجاری کو بھی کینسل کر کے تجارتی سرگرمی مستقل بنیادوں پر روک دی جائیں۔

علاوہ ازیں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی کو ملک بدر کر کے اسے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے۔

وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی باشندہ سعودی شہری کے ساتھ مل کر ہیوی مشینری کی ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا وہ لوگ ہیوی مشینری نیلامی سے خرید کر اسے دیگر اداروں اور افراد کو فروخت کیا کرتے تھے۔

تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی نے وقتاً فوقتاً خطیر رقم بیرون مملکت بھی بھجوائی جو اس نے تجارتی پردہ پوشی کے ذریعے کمائی تھی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں تجارتی قوانین کے تحت کوئی بھی غیر ملکی کسی مقامی کے ساتھ مل کر تجارتی سرگرمیاں نہیں کرسکتا، ایسے کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔

تجارتی پردہ پوشی کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے گزشتہ برس مہلت دی گئی تھی تاکہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی اپنے معاملات درست کرلیں۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/PGd5Bin

No comments