Breaking News

کراچی: مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، صدر دھماکے میں ملوث ہونے کا امکان

کراچی: شہر قائد میں پولیس مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا صدر دھماکے میں ملوث ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کا ماڑی پور پانچ سو کوارٹر روڈ پر دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، اس کارروائی میں فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جب کہ ایک دہشت گرد موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم سے ہے، جن کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے ناموں سے ہوئی ہے، مظہر مشوانی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد صدر دھماکے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

کراچی میں دھماکا، ایک شخص جاں‌ بحق، کئی گاڑیاں تباہ

انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہلاک دہشت گرد صدر دھماکے میں ملوث تھے، دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی بر آمد کیا گیا ہے، کارروائی کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

دریں اثنا، ضلع ساؤتھ میں مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا گیا ہے، یہ آپریشن صدر کے علاقے ہجرت کالونی اور کلفٹن کے علاقے شاہ رسول میں کیا گیا، آپریشن میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق آپریشن کے دوران ہوٹلوں میں بیٹھے لوگوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی، دوران آپریشن متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں جن میں 21 مرد شامل ہیں۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/O0jfmwh

No comments