”پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان پھر انتخابی اصلاحات پر بات ہوگی“
سابق وفاقی وزیراطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان پھر انتخابی اصلاحات پر بات ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ”الیونتھ آر“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوگا تو پھر انتخابی اصلاحات پر بات ہوگی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تبدیلی پر بھی بات ہوگی، اس الیکشن کمیشن کے تحت الیکشن نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن ایسا ہونا چاہیے کہ کسی کو بھی نتائج پر تحفظات نہ ہوں، نظر آرہا ہے چیف الیکشن کمیشن کا طرز عمل بہت جانبدار ہے، موجودہ الیکشن کمشنر کو تبدیل کرنا ہوگا، موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے عمل سے ثابت کیا وہ غلط چوائس تھے، الیکشن کمیشن ڈھونڈ رہا ہے کہ لوٹوں کو تحفظ کیسے دینا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن تو کروانے ہیں، فیصلہ کریں کم نقصان کروا کر کروانے ہیں یا زیادہ، ہم نے کوئی بات نہیں کرنی، واحد بات الیکشن کی تاریخ پر ہونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا غیر رسمی کردار بہت بڑا ہے، الیکشن کرانے میں تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فوری الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان معاشی گرداب میں پھنس جائے گا، 35 دن میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 16 روپے کم ہوئی، سیاسی بحران کے دوران معیشت بے یارو مددگار ہوگئی، لوگوں کو اعتماد نہیں، پیسہ نکال کر ڈالر میں انویسٹ کررہے ہیں۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/V9Xn2Bl
No comments