ایکواڈور کی جیل میں خونریزی، درجنوں قیدی ہلاک
جنوبی امریکی ملک ایکواڈورکی جیل میں دوگروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 43 قیدی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تصادم کا واقعہ ایکواڈور کےدارالحکومت کویٹو سے 80 کلومیٹر دور سینٹو ڈومینگو جیل میں اس وقت پیش آیا جب آنچونڈیا نامی ایک قیدی کو سیل میں منتقل کیا جارہا تھا۔
نیشنل پولیس کمانڈر فاسٹو سالیناس کا کہنا ہے کہ آنچونڈیا اس سے قبل بھی جیل میں فسادات کروانے میں ملوث رہا ہے۔ لوس لوبوس اور آر سیون گینگ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 43قیدی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
جیل میں ہونے والے فسادات کے باعث220 قیدی جیل سے فرار ہوگئے، جن میں سے 112 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایکواڈور کے صدر گوئلرمو لاسو نے گینگ وار گروپوں میں ہونے والے خونریز تصادم کے بعد مرنے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں جیل میں تصادم کے واقعات عام ہیں، 2021 سے اب تک ہونے والے فسادات کے نتیجے میں 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/w5lUjPH
No comments