Breaking News

پولیس نے حلیم عادل شیخ کے گھر کا دوبارہ گھیراؤ کرلیا

کراچی: پولیس نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ کا دوبارہ سے گھیراؤ کرلیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حلیم عادل شیخ کے گھر کراچی پولیس کی ٹیم دوبارہ پہنچ گئی۔ رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس پارٹی نے گھر سے حلیم عادل شیخ کے بارے میں معلومات لیں۔
حلیم عادل کے ملازمین سے اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم نے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع اینٹی انکروچمنٹ نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ اور اہل خانہ کو ہراساں کرنا افسوس ناک ہے، پیپلز پارٹی سندھ میں حالات کشیدہ کرنے پر اتر آئی ہے، سیاسی اختلاف پر اداروں کا استعمال ناقابل برداشت ہے۔
گزشتہ روز پولیس نے حلیم عادل شیخ کے گھر کا گھیراؤ کیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے گھیراؤ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بظاہر پولیس کمانڈوز کے ساتھ چھ موبائل موجود ہیں، امپورٹڈ حکومت اب گھبراہٹ کا شکار ہے۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ حلیم عادل کے خلاف دو مقدمات درج ہوئے تھے۔ پہلا مقدمہ گلشن معمار میں دہشت گردی، اقدام قتل و دیگر دفعات پر ہوا تھا جبکہ دوسرا اینٹی انکروچمنٹ تھانے میں 40 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے کا درج ہوا تھا۔
بعدازاں پولیس حلیم عادل کے گھر پر ضمانت کے آرڈر دیکھ کر واپس روانہ ہوگئی تھی۔ اپوزیشن لیڈر اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/iZzODaS

No comments