Breaking News

مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بڑی خوشخبری

قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم ریلیف پیکیج کی جون تک توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ  مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں رمضان ریلیف پیکیج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی۔ اجلاس میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 سے کم کرکے 800 روپے، چینی کی قیمت 85 روپے سے کم کرکے 70 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے ویجیٹیبل گھی پر 190 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم ریلیف پیکج کی جون تک توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء ضروریہ پر سبسڈی برقرار رہے گی۔

وزیرصنعت نے کہا کہ فیصلہ عالمی سطح پر مہنگائی کے دباؤ سے عوام کو ریلیف فراہمی کیلئے کیا گیا، عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، چینی، گھی رعایتی نرخ پر فراہم  کی جائیں گی۔

اجلاس میں پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی ہدایت کی گئی ہے، پاسکو کو 1.20 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب کو 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا نیا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی سمری مؤخر کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئل، گھی، چائے، دودھ مہنگا ہوگیا

خیال رہے کہ تحریک انصاف حکومت نے مارچ میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی تھی، تاہم رمضان ریلیف پیکج کے ختم ہوتے ہی یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء ضروریہ میں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/tzDcg6n

No comments