Breaking News

تائیوان نے طیارے بھیج کر چین کو خبردار کر دیا

تائیوان نے ایئر ڈیفنس زون میں چینی طیاروں کو خبردار کرنے کے لیے جیٹ طیارے بھیج دیے۔

تائیوان نے فضائی دفاعی زون میں داخل ہونے والے 29 چینی طیاروں کو متنبہ کرنے کے لیے جیٹ طیارے بھیجے جن میں بمبار طیارے بھی شامل تھے جو جزیرے کے جنوب اور بحرالکاہل میں اڑان بھرتے رہے۔

وزارت دفاع کے مطابق تائیوان نے چینی طیاروں کو متنبہ کرنے کے لیے لڑاکا طیارے بھیجے جبکہ میزائل سسٹم ان کے راستے کی نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے۔

منگل کو چینی جنگی طیاروں کی دراندازی تائی پے اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی میں تازہ ترین اضافہ ہے۔

تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ تازہ ترین چینی مشن میں 17 جنگجو اور چھ H-6 بمبار کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک وارفیئر، ابتدائی وارننگ، اینٹی سب میرین اور ایک فضائی ایندھن بھرنے والا ہوائی جہاز شامل تھا۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکا کو واضح الفاظ میں کہا تھا کہ تائیوان ہمارا حصہ ہے اس حوالے سے امریکی حمایت نقصان دہ ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تائیوان کے معاملے میں فیصلہ کن بات وہی ہوگی جو چین چاہے گا، چین تائیوان کو اپنا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے تائیوان کی حمایت اور اسلحے کی فروخت متحدہ چین کی پالیسی کے خلاف اور اقتدار اعلیٰ کے منافی ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے تائیوان کے دفاع کیلیے چین کے خلاف بھرپور طاقت کے استعمال کا اعلان کیا تھا۔ جاپانی وزیر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو وہ اس کے دفاع کے لیے طاقت کا استعمال کریں گے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/vR26zwG

No comments