Breaking News

برطانیہ کی تارکین کو افریقہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام

لندن: برطانوی حکومت کی جانب سے غیرقانونی تارکین وطن کو افریقی ملک روانڈا منتقل کرنے کی پہلی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے ملک میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے چند روز قبل ایک قانون پاس کیا تھا، جس کے تحت ان تارکین کو برطانیہ سے افریقی ملک روانڈا منتقل کیا جائے گا اور وہی ان کے سیاسی پناہ کے کیسز بھی سنے جائیں گے۔

اس قانون کے تحت غیر قانونی تارکین کو افریقہ منتقل کرنے کیلئے برطانوی پرواز تیار بیٹھی تھی، تاہم آخری وقت میں یورپی عدالت کے فیصلے کی وجہ سے یہ پرواز منسوخ کرنا پڑ گئی۔

یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے بے دخل کیے جانے والوں میں شامل ایک عراقی باشندے کی اپیل پر فیصلہ سنایا ہے، عدالت نے حکم دیا ہے کہ پہلے اس عراقی باشندے کے پناہ کے کیس کی جولائی میں سماعت ہونے دی جائے۔

یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے کہا کہ جن مہاجرین کو جبری طور پر روانڈا بھیجا جا رہا ہے، انہیں وہاں خطرات لاحق ہیں، اس لیے ایسا نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس کیس کو مثال بنا کر دوسرے تارکین بھی اب یورپی عدالت برائے انسانی حقوق سے رجوع کرسکیں گے۔

دوسری طرف برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے یورپی عدالت کے اس فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ مہاجرین کی ملک بدری کے لیے دوسری فلائٹ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

پریتی پٹیل کا کہنا تھا برطانوی عدالتوں نے اس حوالے سے اپیلیں مسترد کردی تھیں، ایسے میں یورپی عدالت کے فیصلے سےوہ حیران ہوئی ہیں۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/izMGv8N

No comments