”اقوام متحدہ بھارت میں اسلاموفوبیا کا نوٹس لے“
اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام عالم بھارت میں اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز بیانیے کا نوٹس لے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ گفتگو میں اسلاموفوبیا کے خلاف تعمیری مکالمے اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت میں اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز بیانیے کا نوٹس لیا جائے، اشتعال انگیزی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ معاملے پر بھارتی قیادت کی خاموشی ان کی تائید و اعانت سمجھی جانی چاہیے، بھارتی قیادت کی خاموشی سے تشدد اور نفرت انگیز واقعات میں اضافہ ہوگا۔
خیال رہے کہ بھارت میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما نوپور شرما نے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی تھی جس کے خلاف دنیا بھر کے مسلمانوں میں غصہ پایا جاتا ہے۔
بھارت میں گستاخانہ بیانات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ اپوزیشن جماعت نے بھی بی جے پی رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی دباؤ کے بعد مودی سرکاری نے گھٹنے ٹیک دیے۔ بی جے پی رہنما نوپور شرما اور نوین جندال سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/LFw0rEu
No comments