Breaking News

الیکشن کمیشن جھوٹے الزام پر معافی مانگے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جماعت اسلامی پر الیکشن کے التواء کی درخواست دینے کا جھوٹے الزام عائد کرنے پر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جماعت اسلامی پر الیکشن کے التواء کے حوالے سے جھوٹے الزام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر معافی مانگے، ورنہ اس گمراہ کن بیان پر الیکشن کمیشن کے خلاف عدالتی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نائب امیر و انچارج الیکشن سیل راجا عارف سلطان نے بلدیاتی انتخابی کی اہمیت کے پیش نظر ہی NA-245 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے پروگرام کو ری شیڈول کرنے کی درخواست کی تھی، اسے بلدیاتی انتخابات کے التواء کی سفارش قرار دینا سراسر بد نیتی اور دروغ گوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے التواء کے خلاف جمعہ 22 جولائی کو الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر ہر صورت میں دھرنا دیا جائے گا اور وہیں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکمران پارٹیوں کے ساتھ مل کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن سندھ حکومت کا آلہ کار بنا ہوا ہے، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو ابھی تک برطرف نہیں کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت اور ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر جو کام کیا انتہائی شرمناک ہے، الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کے ساتھ ساز باز کرکے جماعت اسلامی پر سنگین الزام لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور ریاست کے ادارے کا احترام کرتے ہیں لیکن جھوٹے الزام پر الیکشن کمیشن واضح طور معذرت کرے اگر ایسا نہ ہوا تو ہم جمہوری حق استعمال کریں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا، اس کا واضح مطلب ہے کہ دھاندلی کا دروازہ کھولنا چاہتے ہیں، کراچی کی سیاسی پارٹیوں نے لاکھوں روپے خرچ کیے اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟، اگر بارش کا ہی مسئلہ تھا تو ایک ماہ کا التواء کیوں 24 جولائی کے بجائے ایک ہفتے کے بعد کی تاریخ دی جانی چاہیے تھی۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/pCb2drB

No comments