امریکا جانے کی کوشش ناکام، درجنوں تارکین پکڑے گئے
میکسیکو سٹی: پکڑے جانے کا خوف یا کچھ اور، تارکین کو امریکا لے جانے والا ٹرک ڈرائیور درجنوں تارکین کو کنٹینر میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
بہتر مستقبل کیلئے غریب ممالک کے افراد اپنی جانوں پر کھیل کر امیر ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں، اس میں کچھ تو کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن کئی افراد منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی اس خطرناک سفر کے دوران اپنی جان بھی گنوادیتے ہیں۔
ایسا ہی ایک اور واقعہ میکسیکو میں پیش آیا ہے جہاں تارکین کو امریکا لے جانے والا ٹرک ڈرائیور 100 سے زائد تارکین کو ہائی وے پر چھوڑ کر فرار ہوگیا، تاہم خوش قسمتی سے تمام تارکین محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی ریاست ویراکروز کی ہائی وے پر مال بردار ٹریلر میں سے تارکین برآمد ہوئے ہیں جو امریکا جانے کی کوشش کررہے تھے، حکام کا کہنا ہے کہ تارکین کو کنٹینر میں چھپایا گیا تھا جہاں انہیں آکسیجن بھی صحیح نہیں مل رہی تھی۔
ایسے میں کنٹینر کے اندر بند تارکین وطن کا جب دم گھٹنے لگا تو انہوں نے مدد کے لئے آوازیں لگانا شروع کیں، جنہیں سن کر قریبی افراد پہنچ گئے اور ان تارکین کو کنٹینر توڑ کر باہر نکال لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران متعدد افراد کی دم گھٹنے کی وجہ سے کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی تھی جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
میکسیکن حکام کا کہنا ہے کہ 94 تارکین کو ٹرک سے بازیاب کروانے کے بعد امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے جبکہ 100 کے قریب افراد بھاگنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تارکین کا تعلق گوئٹے مالا، ہونڈوراس اور ایل سلواڈور سے ہے، تمام افراد کے پاس سفری دستاویزات موجود نہیں تھے اور غیر قانونی طریقے سے امریکا جانے کی کوشش کررہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں امریکی ریاست ٹیکساس سے ایک سیمی ٹرک میں سوار 50 سے زائد تارکین کی لاشیں برآمد ہوئی تھی، میکسیکو سمیت دیگر جنوبی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام افراد دم گھٹنے اور شدید گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fasJ8Qx
No comments