ثابت ہوگیا ضمنی الیکشن میں کسی قسم کی کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، ن لیگ
لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پہلے بھی عوام کے فیصلہ کو تسلیم کیا، آج بھی تسلیم کرتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پہلے بھی عوام کے فیصلہ کو تسلیم کیا ہے، آج بھی عوام کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، یہ دی اینڈ آف دی گیم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی عمران خان کی طرح رو سکتے ہیں، دھاندلی کا الزام لگا سکتے ہیں، لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے، تحریک انصاف نے شام 6 بجے تک دھاندلی دھاندلی کا رونا لگا رکھا تھا، صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن مکمل طور پر غیر جانبدار تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ثابت ہوگیا کسی قسم کی کوئی دھاندلی نہیں کی گئی، ہمارا مقابلہ مہنگائی کے ساتھ تھا، ہمارے پاس دو آپشنز تھے مشکل فیصلے کرنا یا بھاگنا، ہم نے اپنی سیاست داؤ پر لگا کر مشکل فیصلے کرنے کا فیصلہ کیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں کوئی غم نہیں، یہ جدوجہدی جاری رہے گی، یہ جنگ اقتدار کی جنگ نہیں، جمہوری اصولوں کی جنگ ہے، ن لیگ اور ساتھی کم بیک کریں گے، اتحادیوں کے اجلاس بلا رہے ہیں انہیں اعتماد میں لیا جائیگا، اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے گولڈن نمبر حاصل کرلیا
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اطلاعات ہیں راولپنڈی کی نشست پر نتائج روکے گئے ہیں، نتائج کا اعلان ہونا چاہیے، راولپنڈی کی نشست پر پی ٹی آئی کو نتائج ملنے چاہیے، جو بھی نتائج آئے ہیں تسلیم کرتے ہیں شائستگی کا مظاہرہ کریں گے۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/OiD5Qmd
No comments