Breaking News

روس میں 10 بچے پیدا کرنے والی خواتین کیلیے انعام کا اعلان

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے آبادی کی شرح میں کمی کے پیشِ نظر 10 یا اس سے زائد بچے پیدا کرنے والی خواتین کے لیے تمغہ اور انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکومت نے سوویت دور کے ’مدر ہیروئن‘ اعزازی ٹائٹل کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ اقدام یوکرین کے ساتھ جنگ میں آبادی میں کمی کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے گزشتہ ہفتے مذکورہ اعزازی ٹائٹل کو دوبارہ فعال کرنے کی سمری پر دستخط کیے تھے جس کے مطابق 10 بچوں کو جنم دینے اور ان کی اچھی پرورش کرنے والی خواتین کو 10 لاکھ روبل (یعنی 36 لاکھ 18 ہزار پاکستانی روپے) اور تمغہ دیا جائے گا۔

ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے بچوں کا زندہ ہونا اور ان کی صحت، تعلیم، جسمانی، روحانی اور اخلاقی تربیت اچھی ہونا ضروری ہے۔

اگرچہ کوئی بچہ سرکاری ملازمت یا فوج میں خدمات کی انجام دہی کے دوران مر جاتا ہے تب بھی ان کی والدہ انعام حاصل کرنے کی اہل ہوں گی۔

’مدر ہیروئن‘ کا ٹائٹل پہلی بار 1944 میں جوزف اسٹالن کی جانب سے دوسری جنگ عظیم کے بعد متعارف کروایا گیا تھا۔ جنگ میں روسی شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکت سے آبادی میں کمی واقع ہوگئی تھی۔ 1991 میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد اس ٹائٹل کو بند کر دیا گیا تھا۔

روس کی آبادی میں رواں سال جنوری سے مئی کے دوران 86 ہزار افراد کی کمی ہوئی۔ اس سے قبل 2002 میں ایک ماہ میں 57,000 افراد وفات پا گئے تھے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/p5hRW1B

No comments