Breaking News

کے الیکٹرک خلاف پُرتشدد احتجاج، 5 مقدمات درج

کراچی: کے الیکٹرک خلاف پُرتشدد احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچائے جانے پر 5 مقدمات درج کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے املاک کو نقصان پہنچانے پر شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ایف آئی آر درج کرا دیں۔

جمعرات کو کے الیکٹرک کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں پرتشدد احتجاج کی رپورٹس موصول ہوئیں، جس میں کے الیکٹرک کے عملے کو زد و کوب کیا گیا اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا، جس کی وجہ سے کے الیکٹرک کے لانڈھی اور کورنگی میں موجود آئی بی سیز عارضی طور پر بند رہیں گی۔

کے الیکٹرک ترجمان نے کہا ہم شہریوں کے پرامن حق احتجاج کا احترام کرتے ہیں، تاہم جمعرات کو ہمارے کسٹمرز سے رابطہ قائم رکھنے والے دفاتر کو شدید نقصان اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

کراچی: سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کے دفتر پر خواتین کا پتھراؤ

ترجمان نے کہا کے الیکٹرک کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں اور قانون شکنی کرنے والوں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز قانون نافذ کرنے والے حکام کو فراہمی کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق کمشنر کراچی نے بھی کے الیکٹرک کے املاک اور عملے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان نے کہا موجودہ صورت حال میں شارٹ فال 24 گھنٹے برقرار رہتا ہے، اور لوڈشیڈنگ کرنا مجبوری ہے، تاہم جہاں بھی ممکن ہوتا ہے اور جب بھی شارٹ فال میں کمی آتی ہے، کے الیکٹرک فوری طور پر اپنے صارفین کو ریلیف فراہم کرتا ہے۔

کے الیکٹرک کا تعارف

کے الیکٹرک ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام پاکستان بننے سے قبل 1913 میں عمل میں آیا تھا، 2005 میں کمپنی کی نج کاری کی گئی۔ کے الیکٹرک پاکستان میں واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے جو کراچی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت 6500 مربع کلومیٹر علاقے میں بجلی فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کے 66.4 فی صد حصص کے الیکٹرک ایس پاور کی ملکیت میں ہیں، یہ سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں)۔

کے الیکٹرک میں حکومت پاکستان کے 24.36 فی صد حصص ہیں۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/R59dmkb

No comments