بھارت کے بعد ایک اور ایشیائی ملک کا روس سے سستے داموں پٹرول خریدنے کا فیصلہ
ینگون: میانمار نے بھی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر روس سے تیل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہونے والی فوجی حکومت نے بھی روس سے سستا تیل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، فوجی حکمراں کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث روس سے سستے داموں تیل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارے ملک کو عالمی پابندیوں کی وجہ سے معاشی بحران کا سامنا ہے اس صورت حال میں کم قیمت تیل کی خریداری ضروری ہے، روس سے ملنے والا پٹرول نہ صرف معیاری ہے بلکہ سستا بھی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ میانمار کے فوجی حکمراں من آنگ نے گزشتہ ماہ روس کا دورہ کیا تھا جس کے دوران تیل کی درآمد سے متعلق معاملات طے پائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ میانمار، چین اور روس کئ تعاون سے تیل کے کنوؤں کی تلاش کا کام بھی کرے گا۔
مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں ملک کے مختلف حصوں میں پٹرول کی قلت کی وجہ سے پٹرول پمپس بند ہو گئے ہیں، جبکہ روس سے تیل کی کھیپ سمتبر تک آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کمپنیوں کا روس سے تیل کے بعد کوئلہ خریدنے کا بھی بڑا معاہدہ
واضح رہے کہ بھارت بھی روس سے سستا تیل خرید رہا ہے، اور اب میانمار بھارت کے بعد روس سے تیل خریدنے والا دوسرا ایشیائی ملک بن گیا ہے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/G4sJr7p
No comments