Breaking News

ترک اور ایرانی صدور کا وزیراعظم کو ٹیلیفون، سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ٹیلی فونک رابطی کیا اور پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ترک اور ایرانی صدر کو سیلاب کی تازہ ترین صورتِ حال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان ریکارڈ بارشوں اور غیر معمولی مون سون کی زد میں ہے، بارشوں کے نتیجے میں انسانی جانوں، ذریعہ معاش اور بنیادی ڈھانچے کو بڑا نقصان پہنچا، شدید متاثرہ انفرااسٹرکچر کے باوجود حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرین کی نقل مکانی اور امداد کی ترسیل میں مدد کے لیے تمام تر کوششیں جاری ہیں، پاکستان نے ’اقوام متحدہ کی فلیش اپیل‘ تیار کی ہےجسے 30 اگست کو شروع کیا جائے گا، امید ہے کہ عالمی برادری فلیش اپیل کی فنڈنگ میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے شدید بارشوں اور سیلاب سے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔

ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تناظر میں تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ  کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایران کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ایرانی صدر نے تمام شعبوں میں امداد اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gyzBVro

No comments