Breaking News

ملک بھر کی صحافتی تنظیموں کا عماد یوسف کی فوری رہائی کا مطالبہ

کراچی: ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے عماد یوسف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز نے اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئں، پی ایف یو جے رہنما لالہ اسد پٹھان نے کہا حکومتی اقدام انتہائی شرمناک ہے، وزیر اعظم فوری ایکشن لیں۔

نشریات کی بندش کے باعث اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا اے آر وائی کی جانب سے وضاحت جاری کر دی گئی تھی، اس کے بعد بات ختم ہو جانی چاہیے تھی، اگر گھروں پر چھاپے ماریں گے تو اس سے اچھا میسج نہیں جائے گا، کوئی سیاسی لیڈر غلط بات کرتا ہے تو ادارے کی وضاحت پر بات ختم ہو جاتی ہے، عماد یوسف کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

انھوں نے کہا آج ہماری میٹنگ ہوگی، شام کو صورت حال سے آگاہ کریں گے، اگر کسی نے غلط بات کی ہے تو ادارے نے معذرت کر لی ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کو کسی چینل کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے، ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے کہ لوگوں کا روزگار خطرے میں پڑ جائے۔

پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ اگر عماد یوسف کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو صحافی ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی اظہار پر قدغن کسی طور پر برداشت نہیں، صحافیوں کے ساتھ ہر دم کھڑے ہیں، حکومت صحافیوں کا احترام کرے۔

اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز عماد یوسف بغیر وارنٹ ڈیفنس سے گرفتار

سیکریٹری کراچی پریس کلب رضوان بھٹی نے کہا کہ آزادی اظہار پر قدغن کسی طور برداشت نہیں، لاہور پریس کلب نے بھی عماد یوسف کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/qNA2vTQ

No comments