Breaking News

جماعت اسلامی کا ٹرانس جینڈر ایکٹ کیخلاف وفاقی شرعی عدالت سے رجوع

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف وفاقی شرعی عدالت میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔

پٹیشن جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کی طرف سے دائر کی گئی۔ جماعت اسلامی کے وکیل عمران شفیق ایڈووکیٹ کیس کی پیروی کریں گے۔

واضح رہے کہ 5 ستمبر کو سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں ٹرانس جینڈر ترمیمی بل 2021 پر غور کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد خان نے تجویز پیش کی تھی کہ کوئی جنس تبدیلی کے لیے نادرا کے پاس جائے تو پہلے میڈیکل بورڈ فیصلہ کرے، اس قانون پر چند اعتراضات ہیں، اس میں آپ نے اختیار دیا ہے کہ جینڈر تبدیل کرے، 30 ہزار لوگوں نے جینڈر تبدیل کرنے کے لیے نادرا کو درخواست دی، اگر کوئی جنس تبدیلی کے لیے نادرا کے پاس جائے تو میڈیکل بورڈ فیصلہ کرے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس قانون سے قانونِ وراثت پر اثر پڑ رہا ہے۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے پوچھا کہ جب قانون بن رہا تھا تب اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لی گئی؟ مشتاق احمد خان نے جواب میں کہا کہ اس وقت اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے نہیں لی گئی تھی۔

اجلاس میں وزارت انسانی حقوق کی جانب سے ترامیم کی مخالفت کی گئی۔ وزارت انسانی حقوق نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اس قانون کو نہ چھیڑا جائے۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fWrq3ZP

No comments