Breaking News

حکومت نے رات گئے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرا دیا

وفاقی حکومت نے غربت کے مارے عوام پر ایک اور پٹرول بم گراتے ہوئے رات گئے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آدھی رات کو پٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، وزرات خزانہ کے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے اور اس کی قیمت فی لیٹر 247 روپے 43 پیسے برقرار ہے جب کہ مٹی کا تیل 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت197 روپے 28 پیسےفی لیٹرمقرر کی گئی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ شہباز حکومت نے 5 روز کی تاخیر سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔

حکومت کو اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکی تجویز دی تھی جب کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف کامطالبہ کیا تاہم وزارت خزانہ کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنےکی تجویز دیدی

اوگرا کی تجویز اور حکومتی اتحادیوں کے مطالبے کے بعد حکومت 4 روز تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے شش وپنج کا شکار رہی اور بالآخر رات گئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/xQgoB5W

No comments