Breaking News

عدالت نے مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے مدعی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد انہیں پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا۔

عدالت میں مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار اس سے قبل بھی پاسپورٹ واپسی کی درخواست دے چکی ہیں، انہوں نے پہلے عمرے کے لیے پاسپورٹ واپسی کی درخواست دی تھی جو بعد ازاں واپس لے لی تھی  جب کہ اس موقع پر ایڈووکیٹ امجد پرویز نے بروقت عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت سے غیر مشروط معافی بھی مانگی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کی پہلے بھی درخواست دی تھی؟ جس پر وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ اس سے قبل والد کی تیمار داری کے لیے درخواست دی تھی جس پر نیب سے جواب مانگا گیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ اگر ایک درخواست پہلے سے ہی موجود ہے تو دوبارہ درخواست کیوں دی گئی؟

عدالتی استفسار پر مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ یہ درخواست پہلی درخواست سے بالکل مختلف ہے، مریم نواز نے عدالتی حکم پر پاسپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرایا تھا، چار سال  گزر گئے نیب نے ابھی تک چالان جمع نہیں کرایا، چار سال سے بنیادی حق متاثر ہو رہا ہے۔

ایڈووکیٹ امجد پرویز نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر آزادانہ نقل و حرکت کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے اور آئین کسی بھی شہری کو آزادانہ نقل و حرکت کی ضمانت دیتا ہے، قانون کی منشا ہے کہ چودہ دن میں چالان جمع کرایا جائے لیکن پچھلی حکومت ساڑھے تین  تک رہی اور چالان تک جمع نہیں کروایا، مریم نواز کو اس کے والد کے سامنے ایمرجنسی میں گرفتار کیا گیا، میری موکلہ بھی 48 دن تک نیب کی حراست میں رہیں۔

خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/VQpB8zH

No comments