Breaking News

پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، حکومت نے تیاریاں شروع کردیں

پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے تیاریاں شروع کردی ہیں اور انتظامیہ نے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹیرز پہنچا دیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا اس سے قبل ہی وفاقی حکومت نے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں۔

گزشتہ شام پی ٹی ایم حکومتی اتحادی جماعتوں کے اجلاس اور لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنانے کے مشترکہ فیصلے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی اور رات گئے آپریشن شروع کردیا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے ملک بھر سے وفاقی دارالحکومت آنے والے راستوں کو بند کرنے کے لیے تمام داخلی راستوں پر کنٹینزر پہنچانا شروع کردیے، یہ کنٹینرز فیض آباد پل کے نیچے سڑک پر اور دیگر داخلی راستوں پر رکھے جا رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وفاقی پولیس سمیت رینجرز اور ایف سی نے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کیلیے مشقیں شروع کر دی ہیں۔

اسلام آباد کو ماضی کی طرح اگر کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تو نہ صرف اسلام آباد کے عام شہریوں، ملازم پیشہ اور کاروباری طبقے بلکہ طلبہ وطالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ پنجاب بھر میں معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں آڈیو لیکس، سائفر اور عمران خان کے لانگ مارچ سے متعلق حکمت عملی پر اتحادیوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتی اتحادی جماعتوں کا سائفر معاملہ منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ

اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق اتحادیوں نے طے کیا تھا کہ آئین وقانون کی حدود کو پھلانگ کر اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جب کہ پنجاب اور کے پی حکومتوں کو وارننگ دی گئی کہ وہ فساد کی راہ ہموار کرنے سے باز رہیں۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/jes68Ni

No comments