Breaking News

عمران خان حملہ: ملزم کیخلاف 22 دن بعد ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے خلاف 22 دن بعد ناجائز اسلحہ رکھنے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نوید نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر جس پستول سے فائرنگ کی وہ بغیر لائسنس یافتہ تھا، ملزم کی نشاندہی پر جائے وقوعہ کے قریب حویلی سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ناجائز اسلحہ رکھنے پر ملزم نوید کے خلاف تھانہ سٹی وزیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق: ’چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا، ملزم نے وقوعہ کے بعد پستول کو حویلی میں موجود لکڑیوں میں چھپا دیا تھا۔‘

یاد رہے کہ 3 نومبر کو وزیر آباد میں عمران خان پر حقیقی آزادی مارچ کے دوران اس وقت فائرنگ کی گئی تھی جب وہ دیگر پارٹی راہنماؤں کے ساتھ کنٹینر پر سوار تھے۔ پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے ملزم نوید کو فائرنگ کرتے ہوئے پیچھے سے دبوچ لیا تھا۔

عمران خان پر حملے کے پانچ دن بعد ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں سابق وزیر اعظم کی جانب سے نامزد تینوں شخصیات کے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/JBjyQ9K

No comments