Breaking News

ملائشیا انتخابات : مہاتیر محمد کو 53 سالوں میں پہلی بار شکست

مہاتیر محمد

کوالالمپور : ملائیشیا میں ہونے والے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کے مخالف جماعت امیدوار نے میدان مار لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد 53سال بعد پہلی بار انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے۔

عالمی خبر ایجنسی کے مطابق مہاتیر محمد کی اس انتخابی شکست کے نتیجے میں ان کے دہائیوں کے سیاسی کیریئر کا خاتمہ بھی ہوسکتا ہے۔

خبر کے مطابق 97سالہ مہاتیر محمد دو دہائیوں سے زائد عرصے تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے، وہ اپنے حلقے میں اس بار اپنی پارلیمانی نشست برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کی نشست پر پیریکاتن اتحاد کے امیدوار محمد سہیمی عبداللہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

 واضح رہے کہ ملائیشیا میں گزشتہ ماہ اسمبلیاں تحلیل کیے جانے کے بعد ملک بھر میں قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً 21 ملین ملائیشین شہریوں کو مذکورہ انتخابات میں 222 نشستوں پر مشتمل اسمبلی کے ارکان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے کا اہل قرار دیا گیا تھا۔

مہاتیر محمد نے ملائیشیا پر 1981 سے 2003 تک آہنی گرفت کے ساتھ حکمرانی کی اور ملکی سیاست میں ہمیشہ کنگ میکر کا کردار ادا کیا۔

اس کے بعد سال 2018 میں ایک بار پھر بھرپور کامیابی حاصل کرتے ہوئے کرسی اقتدار پر براجمان ہوئے، انہوں نے اپنے ہی لائے ہوئے وزیراعظم نجیب رزاق کو حکومت سے محروم کرکے  وزارت عظمیٰ سنبھالی تھی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/1UXTGe6

No comments