کراچی میں کھلونے بیچنے والا 8 سالہ بچہ قتل
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں ریسٹورینٹ کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں کھلونے بیچنے والا 8 سالہ بچہ قتل ہوگیا، شناخت محمد عمر کے نام سے ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق واقعہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پیش آیا جہاں ایک ریسٹورینٹ کے باہر فائرنگ سے 8 سالہ بچہ قتل ہوگیا، پولیس نے بچے کو محمد عمر کے نام سے شناخت کیا اور بتایا کہ بچہ گداگر ہے تاہم مقتول کی والدہ نے بتایا کہ اس کا بیٹا کھلونے بیچ کر روزی کماتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو پزا شاپ کے سیکیورٹی گارڈ نے بھیک مانگنے سے روکا تھا، نہ رُکنے پر گارڈ نے فائرنگ کردی اور لاش نجی اسپتال کے عقب میں پھینک کر فرار ہوگیا۔
دوسری جانب مقتول بچے کی والدہ کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا بھکاری نہیں بلکہ کھلونے بیچ کر روزی کماتا تھا، ہم سیلاب متاثرین ہیں، بچے کا باپ رکشا چلاتا ہے، سیکیورٹی گارڈ کو غصہ تھا کہ میرا بیٹا گاڑی والوں کو کھلونے کیوں بیچتا ہے اس نے گولی مار کر عمر کو قتل کرنے کے بعد لاش کو کچرے میں پھینک دیا، مجھے انصاف چاہیے۔
غمزدہ والدہ کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے میرے بچے کو بلایا تھا، یہ سارا واقعہ دوسرے بچے نے دیکھا اور فون کرکے بتایا جب ہم یہاں آئے تو دو ڈھائی گھنٹے تک ہمیں بچے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، وہاں آنے والے ایک گاڑی سوار نے میری بات سنی اور ریسٹورینٹ والے سے پوچھا اور پھر وہی گاڑی سوار شخص مجھے اسپتال لایا۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/sgVmyb6
No comments