استنبول میں دھماکا : حکومت پاکستان کا ردعمل آگیا
اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے استنبول میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکی کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے دھماکے پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان استنبول میں گھناؤنے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کےعوام کےساتھ کھڑاہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ترک عوام اپنے وطن کی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا اظہار مذمت
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کیلئے اظہار افسوس کیا ہے۔
انہوں نے صدر طیب اردوان اور ترکیہ عوام سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام برادر اسلامی ملک ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں، دھماکے میں ملوث مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے، ترکیہ کی بہادر قیادت سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/cAqd0Zx
No comments