روس کو گولہ بارود کی فراہمی، امریکا کا شمالی کوریا پر الزام
واشنگٹن : امریکا کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے شمالی کوریا اور روس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا خفیہ طور پر روس کو گولہ بارود فراہم کر رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جان کربی نے دونوں ممالک کے گٹھ جوڑ پر کہا کہ شمالی کوریا اور روس یوکرین میں تباہی کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا مشرق وسطیٰ اور افریقا میں ترسیل کی آڑ میں روس کو گولہ بارود کی بڑی تعداد فراہم کر رہا ہے۔ ہم اس پورے روٹ کی ہر وقت نگرانی کر رہے ہیں۔
صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی ترجمان قومی سلامتی نے کہا کہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ روس نے وہ گولہ بارود وصول کیا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب روس کی جانب سے اس امریکی الزام کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی کسی قسم کا تردیدی بیان جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ روس کو خودکش بمبار ڈرونز فراہم کر رہا ہے جو یوکرین پر استعمال بھی ہوئے۔ امریکا نے ڈرونز کے ملبے کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں
یاد رہے کہ رواں سال جون میں شمالی کوریا نے آرٹلری شیل کا تجربہ کیا جو بظاہر سمندر کی سمت میں کیا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق یہ تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ملک کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی صلاحیت بڑھانے کے بیان کے کچھ روز بعد کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مارچ میں شمالی کوریا نے بڑے میزائل تجربات پر 2018 کی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ بھی کیا تھا، جو امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا ممکنہ طور پر اس تجربے کو جنگی جوہری ہتھیاروں پر نصب کرنے کے لیے استعمال کرے گا، جس کا مقصد جنوبی کوریا میں اہداف کو نشانہ بنانا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/0GPqJWI
No comments