Breaking News

ٹوئٹر اور فیس بک کے بعد ایمازون کے بھی ہزاروں ملازمین بےروزگار

ایمازون

دنیا بھر میں پریشان کن معاشی حالات کے پیش نظر کی معروف کمپنیوں میں ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے بے روز گاری کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ٹوئٹر، فیس بک کے بعد ایمازون نے بھی اپنے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ کی ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی معروف کمپنی ایمازون بھی اس ہفتے سے کارپوریٹ اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹس میں سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی اقتصادی مندی کے باعث کمپنی کی گزشتہ سہ ماہی منافع بخش نہیں رہی اور اس میں مزید نقصان کا قوی امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ تعداد کمپنی کی کارپوریٹ افرادی قوت کا تقریباً تین فیصد ہے، اور اس کی تاریخ میں پہلی بار اتنے زیادہ لوگوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں ایمازون ملازمین کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہے، یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں اور کرسمس سے پہلے کا وقت ایمازون کے لیے انتہائی منافع بخش ہوتا ہے۔

ایمازون کمپنی کی جانب سے ملازمین کو نکالے جانے کے بارے میں ابھی تک کوئی تصدیقی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرسمس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے عالمی معیشت کی سست رفتاری کی وجہ سے کامیاب کاروباری ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Q4pqEjS

No comments