ٹرمپ کا مشہور یہود دشمن شخصیت کے ساتھ عشائیہ، وائٹ ہاؤس کا سخت رد عمل
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں، یہود دشمن، سفید فام نسل پرست رہنما نک فینٹس کے ساتھ ان کے عشائیے پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا اسٹیٹ میں مشہور سفید فام بالادستی پسند اور ریپر کانیا ویسٹ سے ملاقات کی مذمت کی ہے، جو یہود مخالف تبصروں کی وجہ سے ایک طوفان میں گھرے ہوئے ہیں۔
ٹرمپ نے کانیا ویسٹ کے ساتھ منگل کی رات مار-اے-لاگو میں ڈنر کا اعتراف کیا، اور کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو ساتھ لائے تھے، جن میں سے ایک نک فینٹس بھی تھا، نک ایک یہود دشمن اور نسل پرست ہیں، تاہم ٹرمپ نے جمعہ کو اپنے ’ٹرتھ سوشل‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’میں نک فینٹس کو نہیں جانتا تھا۔‘‘
وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سیکریٹری اینڈریو بیٹس نے فینٹس کے ساتھ ٹرمپ کی ملاقات کی مذمت کی۔ انھوں نے ہفتے کو سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’تعصب، نفرت، اور یہود دشمنی کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں ہے، بشمول مار-اے-لاگو میں۔ ہولوکاسٹ سے انکار مکروہ اور خطرناک ہے، اور اس کی سختی سے مذمت کی جانی چاہیے۔‘‘
صدر جو بائیڈن ان دنوں نانٹکیٹ میں ہالیڈے ویک اینڈ منا رہے ہیں، انھوں نے ٹرمپ کے عشائیے کے بارے میں یہ کہتے ہوئے ایک صحافی کے سوال کو ٹال دیا: ’’میں جو سوچتا ہوں آپ اسے سننا نہیں چاہتے۔‘‘
ترجمان ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی اس حرکت کو عوام دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹرمپ نے رواں ماہ 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/e0VU1Zq
No comments