Breaking News

گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ٹویٹر پر لفظی جنگ، ریپ کیس میں مطلوب باکسر کی لوکیشن منظر عام پر آگئی

معروف کلائمٹ ایکٹوسٹ گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان نازیبا جملوں کے تبادلے کے بعد پولیس نے اینڈریو کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا، اینڈریو انسانی اسمگلنگ کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور ٹویٹر پر ان کی سرگرمی نے پولیس کو ان کی لوکیشن کی تصدیق کردی۔

گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق باکسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان تلخ اور نازیبا جملوں کا تبادلہ ہوا جس نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

اینڈریو نے ایک ٹویٹ میں گریٹا کو مخاطب کیا اور فخریہ لکھا کہ میرے پاس 33 کاریں ہیں جس میں ایک بگاٹی اور 2 فراری شامل ہیں، اپنا ای میل ایڈریس روانہ کریں تاکہ میں اپنی گاڑیوں کی فہرست اور ان سے ہونے والے بھاری کاربن اخراج کی تفصیل آپ کو بھیج سکوں۔

ٹویٹ دیکھ کر گریٹا سیخ پا ہوگئیں اور انہوں نے اینڈریو کو نازیبا جواب دے ڈالا۔

خیال رہے کہ گریٹا ماحولیاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن سیکٹر کو اس کا بڑا ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔

سنہ 2019 میں گریٹا کلائمٹ چینج کی کانفرنس کے لیے طیارے سے جانے کے بجائے 14 روز کا بحری سفر کر کے اسپین پہنچی تھیں جس نے دنیا بھر کی توجہ ان کی طرف مبذول کی تھی۔

اب اینڈریو کے ٹویٹ پر انہوں نے غصے میں جواب دیا تو ٹویٹر صارفین نے ان کے جواب کو بے حد سراہا اور اسے بالکل درست قرار دیا۔

جواب میں اینڈریو نے ایک ویڈیو پوسٹ کر ڈالی جس میں انہوں نے گریٹا کو عالمی طاقتوں کا ہرکارہ قرار دیا۔

اس ساری بحث کے دوران رومانیہ پولیس کو اینڈریو کی لوکیشن کی تصدیق ہوگئی جو انسانی اسمگلنگ کے کیس میں پہلے ہی اینڈریو پر گھات لگائے بیٹھی تھی۔

رومانیہ کے شہر پیپرا میں واقع اینڈریو کے گھر پر رومانیہ پولیس نے چھاپہ مارا اور اور انہیں اور ان کے بھائی دونوں کو حراست میں لے لیا۔

چھاپے کی کارروائی بخارسٹ کے ڈائریکٹوریٹ فار انویسٹی گیٹنگ آرگنائزڈ کرائم اینڈ ٹیررازم کے محکمے نے کی جو 2 سال سے انسانی اسمگلنگ کے کیس کی تحقیقات کر رہا تھا۔

سنہ 2021 میں سامنے آنے والے اس کیس میں ایک مجرمانہ رنگ کا انکشاف ہوا تھا جو لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر رومانیہ پہنچا رہا تھا اور ان کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

اس کیس میں اینڈریو ٹیٹ بھی مشتبہ تھے اور ان پر ایک نوعمر لڑکی کی انسانی اسمگلنگ، جنسی زیادتی اور اغوا کا الزام تھا۔

29 دسمبر کو ہونے والی اس چھاپہ مار کارروائی میں اینڈریو کے علاوہ 4 مزید افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اینڈریو کی گرفتاری میں ان کی ٹویٹر پر ہونے والی بحث نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے ذریعے ظاہر ہونے والی لوکیشن سے پولیس کو یقین ہوا کہ دونوں بھائی ملک میں موجود ہیں۔

اینڈریو کو اسی سال اپریل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بارے میں اینڈریو نے وضاحت دی تھی کہ ایک غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا۔

اینڈریو کے مطابق پولیس نے گھر کی تلاشی لی اور وہاں کسی مغوی کو نہ پا کر واپس لوٹ گئے، البتہ کاغذی کارروائی کے لیے مجھے پولیس اسٹیشن جانا پڑا تھا، وہاں سے صرف 45 منٹ بعد ہی میری واپسی ہوگئی تھی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/UfEOY6K

No comments