اسلام آباد دھماکا: وزیر اعظم کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کر کے رہیں گے۔
شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو غیر معمولی بہادری پر اہلکاروں کوانعام اور تعریفی اسناد دینے کی بھی ہدایت کی۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/n13U8AS
No comments