Breaking News

بھارت : مسلم خواتین کی بے حرمتی کیلئے ’ایپ‘بنانے والے ملزم کیخلاف مقدمہ

مسلم خواتین

نئی دہلی : ٹوئٹر پر مسلمان خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے حوالے سے ’سلی ڈیل ایپ‘ کیس کے مرکزی ملزم کیخلاف مقدمے کی منظوری دے دی گئی۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے ’سلی ڈیل‘کیس کے مرکزی ملزم اومکاریشور ٹھاکر کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 196 کے تحت مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکم جاری ہونے کے بعد دہلی پولیس اب ٹھاکر کے خلاف مقدمہ چلاسکے گی، جس نے مبینہ طور پر سلی ڈیل ایپ اور سلی ڈیل ٹوئٹر ہینڈل بنائے تھے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مسلم خواتین کی ورچوئل نیلامی میں شامل تھے، جس کا مقصد مسلمانوں کی تذلیل اور توہین کرنا تھا۔

قانون کے مطابق ملزم نے بادی النظر میں آئی پی سی کی دفعہ 153اے/354اے(3) اور آئی ٹی ایکٹ کی 66/67 کے تحت قابل سزا جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ پی ایس اسپیشل سیل نے 7 جولائی 2021 کو مقدمہ ایف آئی نمبر 175/2021 درج کیا تھا۔

ایف آئی آر میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر سمجھتے ہیں کہ ملزم کے خلاف بادی النظر مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جرم کے لیے ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منظوری دی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ 2021 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ‘سلی ڈیل’ کے ذریعے متعدد نامور مسلم خواتین کو نیلامی کے لئے پیش کیا گیا تھا۔ اس واردات نے لوگوں میں بے چینی پیدا کردی تھی اور معاشرے کے تمام طبقات کی طرف سے سخت تنقید کی گئی تھی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/HGfgZlE

No comments