پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا اس لیے وہ آئینی وزیر اعلیٰ نہیں ہیں: رانا ثنا اللہ
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا اس لیے وہ آئینی وزیر اعلیٰ نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے گورنر ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا اس لیے وہ آئینی وزیر اعلیٰ نہیں ہیں، گورنر کی جانب سے ڈی نوٹیفائی آج جاری ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا میری پوزیشن نہیں کہ گورنر کو آرڈر دے سکوں، میں نے آئینی پوزیشن بتا دی، توقع ہے کہ آج نوٹیفائی ہونا چاہیے، گورنر کو نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بھی شیڈول ساتھ دینا ہوگا۔
رانا ثنا نے کہا جیسے ہی گورنر صاحب آرڈر ایشو کریں گے، اس پر نوٹیفکیشن ہوگا، آئینی تقاضے پر عمل درآمد کو روکا جائے گا تو گورنر وفاق کو لکھ سکتے ہیں، گورنر کے خط پر وفاقی حکومت ایڈوائز بھیج سکتی ہے، اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد گورنر راج لگ سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو گورنر راج 2 ماہ کے لیے آ جائے گا، پھر بھی معاملات طے نہ ہوئے تو گورنر راج 6 ماہ تک لگ جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا صدر ماتھے پر بیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا جب تک وزیر اعظم کی ایڈوائز نہ ہو، پنجاب کابینہ اجلاس کی حیثیت نہیں کیوں کہ وہ اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہے، قانون کے مطابق اسمبلی اجلاس جب بھی ہوگا سب سے پہلے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرے گا۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی سیاسی بحران نہیں ہے، 99 فی صد اراکین پنجاب اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں۔
نئے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے رانا ثنا نے کہا کہ ن لیگ نے ابھی ناموں پر غور نہیں کیا، تاہم حمزہ شہباز پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف بھی ہیں، اس لیے ’میرا خیال ہے ہمارے امیدوار حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔‘
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/o4SKJp2
No comments