یورپی ممالک کے بعد قطر کی بھی چینی مسافروں پر پابندی
دوحہ : کورونا وائرس نے چین سے بیرون ملک جانے والے چینی مسافروں کو بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے،15 ممالک کے بعد اب سولہویں ملک نے بھی بڑی پابندی عائد کردی۔
اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطر نے بھی چین سے آنے والے مسافروں پر منگل سے کووِیڈ19 کا منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کی پابندی عائد کردی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی مسافر کی ویکسی نیشن کی حیثیت سے قطع نظر روانگی سے 48 گھنٹے کے اندر پی سی آرٹیسٹ ہر صورت لیا جانا چاہیے اور اس کی رپورٹ بھی منفی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ قطر اب ان 16 ممالک میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے چین سے آنے والے مسافروں پر پی سی آر ٹیسٹ کرانے اوراس کی منفی رپورٹ پیش کرنے کی کڑی شرائط عائد کی ہیں۔ ان میں سے بعض ممالک نے قطر سے آنے والے زائرین پر ایک ساتھ پابندی عائد کی ہے۔
اس سے قبل مراکش نے بھی گزشتہ روز کورونا انفیکشن کی نئی لہر کے پھیلاؤ سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے 3جنوری سے چینی مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔
چین کی حکومت نے گزشتہ ماہ 7 دسمبر کو کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے نافذالعمل سخت طریقہ کار اور پابندیوں کو اچانک ختم کر دیا تھا اوراس کا کوئی پیشگی اعلان بھی نہیں کیا تھا، ان پابندیوں میں لاک ڈاؤن، باربار بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرانے کی شرط اورسرحدوں کی بندش شامل تھی۔
چین میں اس سخت پالیسی کے خاتمے کے بعد سے ہر روز کووِیڈ19 کے ہزاروں نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ چینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دسمبر کے پہلے 20 دنوں میں 24 کروڑ80 لاکھ افراد یعنی کل آبادی کے تقریباً 18 فیصد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/GbEm0HI
No comments