Breaking News

یوکرین کا روس کے 221 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

کیف: یوکرین نے تازہ لڑائی میں روس کے 221 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین روس جنگ کی شدت بدستور برقرار ہے، یوکرین نے روس کے دو سو سے زائد فوجیوں کو مارنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

فریقین کے درمیان روس کے زیر تسلط شہر ڈونباس کے ایک علاقے باخموت میں گھمسان کی جنگ جاری ہے، مخالف فوجیں آمنے سامنے ہیں اور علاقے کے قبضے کے لیے جنگ شدت اختیار کر رہی ہے، یوکرین پر روسی حملے کو آج 383 واں دن ہے۔

دونوں ممالک کی جانب سے متضاد دعوے بھی سامنے آ رہے ہیں، یوکرینی دعوے پر روس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم کریملن کا کہنا ہے کہ باخموت کی فتح ان کے لیے ایک بڑا ہدف ہے۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں 1,100 سے زیادہ فرنٹ لائن روسی فوجی باخموت کے لیے لڑتے ہوئے مارے گئے ہیں اور تقریباً 1,500 روسی فوجی بھی اس بری طرح زخمی ہوئے کہ وہ لڑنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔

دوسری طرف روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اتوار تک 24 گھنٹوں کے دوران 220 سے زیادہ یوکرینی فوجی مارے گئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا کا کہنا ہے کہ یوکرین باخموت میں لڑائی جاری رکھے گا، انھوں نے روسیوں کی پیش قدمی کو کسی کے گھر میں گھسنے والے چوروں سے تشبیہہ دی۔ یوکرین کی زمینی افواج کے کمانڈر اولیکسینڈر سیرسکی نے کہا کہ روس کو منصوبہ بند جواب دینے کے لیے انھیں وقت کی ضرورت ہے جو باخموت کے دفاع کی صورت میں انھیں ملے گا۔

ادھر واشنگٹن میں قائم انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار (ISW) کا کہنا ہے کہ باخموت پر روس کی پیش قدمی رک گئی ہے، اور جب روسی ویگنر گروپ کے فوجی لڑتے رہے، تو انھوں نے کوئی پیش رفت نہیں کی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/03EBvU7

No comments