Breaking News

تارکین وطن سے متعلق برطانیہ اور فرانس میں اہم معاہدہ

کشتیوں کے ذریعے انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کرنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی روک تھام کیلئے برطانیہ اور فرانس نئے معاہدے پر متفق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی روک تھام کیلیے برطانیہ فرانس کو 480 ملین پاؤنڈ ($ 577 ملین) ادا کرے گا، یہ رقم تین سال میں ادا کی جائے گی۔

اس معاہدے کا مقصد تارکین وطن کو انگلش چینل کو پار کرنے کیلئے چھوٹی کشتیوں میں سفر کرنے سے روکنا ہے۔ اس رقم سے سمندری راستوں کی نگرانی کیلئے گشت میں اضافہ، ڈرون کیمروں کے استعمال اور ایک حراستی مرکز کے لیے فنڈز فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے بریگزٹ کے سربراہی اجلاس میں برطانوی وزیراعظم رشی سنک اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس معاملے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ کے جنوبی ساحل پر آنے والے تارکین وطن کی تعداد 45ہزار سے زیادہ ہونے کے بعد وزیراعظم رشی سنک نے چھوٹی کشتیوں کی روک تھام کو اپنی پانچ اولین ترجیحات میں شامل کرلیا تھا جو گزشتہ دو سالوں کی نسبت 500 فیصد زیادہ ہے۔

سال 2016میں برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے تاہم یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے یوکرین کے لیے مختلف ممالک کی حمایت کی وجہ سے ان تعلقات کو اب مزید مضبوط کیا جارہا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/oT6YEtW

No comments