Breaking News

سعودی عرب کا قومی پرچم بنانے والے خطاط کا انتقال

ریاض : سعودی عرب کا پرچم ڈیزائن کرنے والے معروف خطاط صالح المنصوف86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، اتفاق سے ان کی وفات بھی سعودی عرب کے قومی پرچم کے دن ہی ہوئی۔

صالح المنصوف کو 50 سال قبل سعودی عرب کے پرچم پر کلمہ طیّبہ لکھنے اور تلوارکے انداز کو اپڈیٹ کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔ وہ پہلے سعودی خطاط تھے جنہوں نے 1960 کی دہائی کے اوائل میں سعودی عرب کے پرچم پرسفید رنگ کا استعمال کرتے ہوئے تلوار کھینچی تھی۔

مرحوم خطاط صالح المنصوف نے ہی سبزرنگ کے پرچم پر اس تلوار کے اوپر سفید رنگ میں کلمہ طیّبہ رقم کیا تھا ان دنوں جدید ٹیکنالوجی اور پرنٹنگ کے آلات عام طور پر دستیاب نہیں تھے۔

اس کے علاوہ وہ ان پہلے خطاطوں میں بھی شامل تھے جن کی کتابت جامعہ امام محمد بن سعود کے لاتعداد گریجویٹس کی اسناد اور سرٹیفکیٹس کی زینت بنی تھی اور وہ ایک عرصہ تک یہ تعلیمی اسناد تحریر کرتے رہے تھے۔

مرحوم المنصوف کو بلدیہ الریاض نے سرکاری تقریبات اورپروگراموں میں استعمال کے لیے خطاطی پینل کی تیاری پر بھی مامور کر رکھا تھا۔

واضح رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں سعودی عرب نے 11 مارچ 1937 کی یاد میں سالانہ قومی پرچم کا دن منانے کا اعلان کیا تھا۔ جدید سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود نے 11 مارچ 1937کو مملکت کی نمائندگی کے طور پرموجودہ پرچم کی منظوری دی تھی۔

اس دن کو منانے کا فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری کردہ شاہی حکم نامے کے تحت کیا گیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/cNuxSVZ

No comments