Breaking News

رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کا چھاپا، پریانکا گاندھی کا سخت رد عمل

نئی دہلی: بہار کی سابق وزیر اعلیٰ اور لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کے چھاپے پر پریانکا گاندھی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا گاندھی نے ایک بیان میں مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جن رہنماؤں نے بی جے پی کے سامنے جھکنے سے انکار کیا ہے، انھیں اب سی بی آئی کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر چھاپے پر حزب اختلاف کے رہنما مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، کانگریس جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے بھی اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ میں مرکزی حکومت پر اپوزیشن رہنماؤں کو پریشان کرنے کے حوالے سے تنقید کی ہے۔

پریانکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’جو اپوزیشن لیڈر بی جے پی کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں ہیں، انھیں ای ڈی-سی بی آئی کے ذریعے پریشان کیا جا رہا ہے۔‘‘

پریانکا نے لکھا کہ آج رابڑی دیوی جی کو پریشان کیا جا رہا ہے، لالو پرساد جی اور ان کے کنبے کو سالوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے کیوں کہ وہ جھکے نہیں، بی جے پی اس طرح اپوزیشن کی آواز دبانا چاہتی ہے۔‘‘

اس سے قبل رابڑی دیوی کے بیٹے اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی اپنی ماں کی رہائش گاہ پر سی بی آئی ٹیم کی آمد پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا ’’بی جے پی کو آئینہ دکھانے والوں کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسی کارروائی کر رہی ہے، عوام سب دیکھ رہی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ رہنے یا ان کے ساتھ جانے والے راجہ ہریش چندر ہو جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ سی بی آئی کی ٹیم نے پیر کے روز بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے پٹنہ میں واقع رہائش گاہ پر چھاپا مارا تھا، جس کا مقصد سابق وزیر ریل لالو پرساد یادو اور دیگر کے خلاف زمین کے بدلے ملازمت کے اسکینڈل میں تحقیقات کرنا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/N0O6axF

No comments