Breaking News

ٹوئٹر پر کتے کا لوگو کہاں سے اور کیوں آیا؟

نیویارک : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا مشہور زمانہ لوگو تبدیل کرکے صارفین کو حیرت زدہ کردیا۔ اب آپ ٹوئٹر کھولیں گے تو آپ کو نیلی چڑیا کی جگہ ایک کتے کی شکل نظر آئے گی۔

ٹوئٹر پر اس حوالے سے خود ایلون مسک نے ایک تصویر کے ساتھ ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ جیسا کہ وعدہ کیا تھا، میں نے اپنا وعدہ پورا کیا۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ادارے کے سربراہ نے یہ اقدام کیوں اٹھایا؟ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر برڈ کو کرپٹو کرنسی ڈاج کوائن والے کتے شیبا اینو کے ساتھ تبدیل کیا جس کی وجہ سے اس ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت 30 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

ارب پتی شخص ایلون مسک کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کے وکلاء نے جمعہ کو ایک وفاقی جج سے 258 ارب ڈالر کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کی۔ مذکورہ مقدمے میں اس کاروباری شخصیت پر ڈاج کوئن کی قیمت میں ہیرا پھیری کرنے اور اسے 36 ہزار فیصد تک اوپر لے جانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

لوگو میں تبدیلی کے بعد ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس کے متعلق ایک میم شیئر کی۔ اس اکاؤنٹ کے 13 کروڑ30 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

ایلون مسک نے اس کرپٹو کرنسی کے بارے میں کئی ٹویٹ کیے ہیں۔ اس کوئن کو پہلی بار 2013 میں مذاق کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ اس کرنسی کے بارے میں ایلون مسک کے زیادہ تر کمنٹس کے نتیجے میں قیمت تبدیل ہوئی۔

کوائن مارکیٹ کیپ ڈاٹ کام کے مطابق ڈاج کوائن آٹھویں سب سے قیمتی کرپٹو کرنسی ہے جس کی مارکیٹ کی حد تقریباً 13 ارب ڈالر ہے۔

ایلون مسک کے خلاف 2022 میں دائر ہونے والے کیس میں ان کے وکلاء نے کہا تھا کہ ڈاج کوئن کے بارے میں ان کے ریمارکس بے ضرر اور اکثر احمقانہ تھے۔ مقدمے میں ٹوئٹر، ٹیسلا اور بورنگ کمپنی کے نام شامل ہیں۔

سال2021 میں جب ایلون مسک نے سیچرڈے نائٹ لائیو میں میزبانی کے دوران اس کرنسی کا ذکر کیا تو ڈاج کوئن کی قیمت گرگئی تھی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/afUL57D

No comments