جنگ کے ستائے سوڈانی عوام کے لئے اچھی خبر
خرطوم: ایک ہفتے کی خونریزی کے بعد سوڈانی عوام کو بڑا ریلیف مل گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سوڈان میں نیم فوجی فورسز عید پر بہتر گھنٹے کی جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
آر ایس ایف نے اعلان کیا کہ انہوں نے عید کے موقع پر بہتر گھنٹوں کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے تاکہ لوگ اطمینان سے عید کا تہوار مناسکیں۔
آر ایس ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنگ بندی کا مقصد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک ایسی راہداری فراہم کرنا ہے جس سے شہری ایک جگہ سے دوسری جگہ جا سکیں اور اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کرسکیں۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوتیریش نے بھی متحارب گروپوں جنگ بندی کی اپیل کی تھی تاکہ شہریوں کو محفو ظ راہداری مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سوڈان میں 24 گھنٹوں کیلیے جنگ بندی
سول گروپوں کے ایک اتحاد نے بتایا کہ انہوں نے حریف فریقین کو تین روز جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے اور اس کا مثبت جواب ملا ہے۔ گروپ کا کہنا تھا،”ہم سوڈانی مسلح افواج اور آر ایس ایف کی قیادت کے مثبت موقف کا خیر مقدم کرتے ہیں۔”
واضح رہے کہ سوڈان کے آرمی چیف جنرل عبدالفتاح البرہان اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دقلو کے درمیان اقتدار کی جنگ میں اب تک 400 سے افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہزاروں عام شہری اپنے گھروں کو چھوڑ کر جاچکے ہیں۔ انہوں نے پڑوسی ملک چاڈ کی سرحد سے ملحق بستیوں اور جنگلوں میں پناہ لے رکھی ہے۔
دوسری طرف دارالحکومت خرطوم میں بھی ہزاروں افراد بجلی اور پانی کے بغیر اپنے اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/OhJyKNr
No comments