Breaking News

بیوی کو رمضان المبارک میں خدمت کا صلہ، شوہر نے دی ’’اسپیشل عیدی‘‘

اردن میں شوہر نے اپنی خدمت گزار بیوی کو اس عید پر وہ ناقابل فراموش عیدی دے ڈالی جس کے سوشل میڈیا پر چرچے ہوگئے ہیں۔

عید سے قبل رمضان المبارک کا ماہ مقدس آتا ہے جس میں مسلمان روزوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس موقع پر گھروں میں خواتین اپنے اہل خانہ کے لیے سحر وافطار کا خوب اہتمام کرتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ حسب روایت اردن میں ایک خاتون نے کیا اور پورے رمضان اپنے شوہر اور اہلخانہ کے لیے لذیر سحری اور افطار تیار کیا۔

اہلیہ کی اس خدمت گزاری سے متاثر ہوکر اردنی نوجوان نے بھی بیوی کو اس کی خدمات کا بھرپور صلہ دیا اور عید کے موقع پر 30 ہزار دینار مالیت کی عیدی اہلیہ کو دی۔

نوجوان کی جانب سے اہلیہ کو دی گئی عیدی تحائف میں 1500 دینار نقد، سونے کے 30 سکے اور بیوی کے رشتے داروں کو عمان کے اعلیٰ درجے کے ہوٹل میں رہائش کا پیکیج شامل ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے پہلے ایک شوروم مالک نے فیس بک پر اس قیمتی تحفے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے رمضان کے دوران اپنی اہلیہ کی بے لوث خدمات سے متاثر ہوکر اسے عید کا شاندار تحفہ دیا۔

سوشل میڈیا پر یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوئی اور اس پر صارفین کے دلچسپ اور دلفریب تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔ کئی صارفین نے کہا کہ شوہر نے حق نمک ادا کردیا۔

واضح رہے کہ مغربی عرب کے کچھ ممالک میں ایک روایت ہے جس کو ’’حق الملح‘‘ یعنی (نمک کا حق) کہا جاتا ہے۔ اس روایت میں شوہر عید کے موقع پر اپنی بیوی کو نقدی کا سونے کے زیور بطور تحفہ پیش کرتے ہیں جو ان کی رمضان بھر سحر اور افطار میں کی جانے والی خدمات کا عملی اعتراف ہوتا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/KMV4s8D

No comments