Breaking News

ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، شامی وزیر خارجہ

ماسکو: شامی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، یہ مطالبہ شام اور ترکیہ کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے مشن پر ماسکو میں روس، شام، ترکیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بڑی بیٹھک کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق روس، شام، ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ نے شام کی جنگ کے دوران برسوں کی دشمنی کے بعد انقرہ اور دمشق کے درمیان تعلقات کی بحالی پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے ماسکو میں ملاقات کی ہے۔

یہ بات چیت اس وقت ہو رہی ہے جب شام کے صدر بشار الاسد نے ایک دہائی سے زیادہ تنہائی کے بعد علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے۔

شامی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ تعلقات میں بہتری کے لیے ترکیہ کی فوج کو شام سے نکلنا ہوگا، جب کہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ نے مذاکرات کے دوران دہشت گردی کی جنگ میں تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ شام میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قسم کی مدد کے لیے تیار ہے۔

روسی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ شام ترکیہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔

دوسری جانب شام اور عرب دنیا میں تعلقات میں آئے روز نیا اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے شام کو عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام کے صدر بشارالاسد کو دعوت دی، عرب لیگ کا اجلاس 19 مئی کو جدہ میں شیڈول ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ملاقات کے ماحول کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان ممالک کے نائب وزرائے خارجہ کو شام اور ترکی کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کا کام سونپا جائے گا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2tiO0pz

No comments