Breaking News

عرب امارات: مقامی ملازمین نہ رکھنے پر بھاری جرمانہ ہوگا

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں مقامی ملازمین کو ملازمت پر رکھنے کے حوالے سے حکام نے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے 50 یا اس سے زیادہ ہنر مند ملازمین والے نجی اداروں کو اماراتائیزیشن کے حوالے سے ششماہی اہداف جلد پورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت افرادی قوت نے متنبہ کیا ہے کہ اماراتائیزیشن کے اہداف کی پابندی نہ کرنے پر 42 ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔

50 یا اس سے زیادہ ملازم والی کمپنی کو 1 فیصد مقامی شہریوں کو جگہ دینا ہوگی اور یہ کام 30 جون سے قبل مکمل کرنا ہوگا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ اماراتائیزیشن کے اہداف کی تکمیل کی مہلت ختم ہونے پر یکم جولائی سے خلاف ورزی کرنے والے نجی اداروں پر جرمانوں کی کارروائی شروع ہوگی۔

وزارت نے بیان میں کہا کہ جو نجی کمپنیاں اور ادارے اماراتائیزیشن کا ہدف پورا کر رہے ہیں انہیں ملازمین کی روزگار ٹریننگ کے سلسلے میں معیاری سہولتیں اور ترغیبات دی جارہی ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے اداروں کو 80 فیصد تک رعایت دی جاتی ہے، جون کے اختتام سے قبل مہارت والی ملازمتوں کے حوالے سے ایک فیصد اور سال رواں کے اختتام سے قبل 2 فیصد تک اماراتائیزیشن کرنا ہوگی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/c4qTlIO

No comments