ویڈیو وائرل کرنے کیلئے جہاز تباہ کرنے والے یوٹیوبر کو بڑی سزا کا سامنا
امریکی حکام نے کہا ہے کہ ایک یوٹیوبر پائلٹ جس نے اپنے چینل پر محض ویوز کی تعداد کو بڑھانے کے لیے جان بوجھ کر اپنے طیارے کو زمین پر گرا کر تباہ کر دیا تھا اسے 20 سال تک قید سنائی جاسکتی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2021 میں 29 سالہ یوٹیوبر پائلٹ ٹریور ڈینئیل جیکب نے زیادہ ویوز کے حصول کے لیے اپنے طیارے کو کیلیفورنیا میں گرا کر تباہ کر دیا تھا۔
یو ٹیوبر کی مذکورہ ویڈیو تقریباً 30 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھی تھی جس کا موضوع ہی یہی تھا کہ میں نے اپنے طیارے کو تباہ کر دیا۔
اس ڈرامائی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیکب سنگل ایجن طیارے سے چلانگ لگاتے ہوئے سیلفی اسٹک ہاتھ میں لیے لاس پیڈریس نیشنل فارسٹ میں پیراشوٹ کے ذریعے اتر رہے ہیں۔ اس دوران وہ باقاعدہ اپڈیٹس بھی دیتے رہے کہ وہ کتنے پیاسے ہیں اور ان کو سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا کریں۔
جیکب نے طیارے کے ملبے تک پہنچنے کے لیے اپنی ویڈیو بھی خود بنائی جہاں وہ یہ دیکھ کر پریشان دکھائی دیتے ہیں کہ جو پانی اس نے اپنے ساتھ رکھا تھا وہ اب موجود نہیں ہے۔
آخر کار وہ ایک ندی سے پانی پینے کے لیے رکتے ہیں اور کچھ لمحوں بعد ان کو ایک گاڑی نظر آتی ہے اور وہ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
بعد ازاں امریکی فیڈرل ایوی ایشی ایڈمنسٹریشن نے جیکب پر یوٹیوب ویوز کے لیے جان بوجھ کر اپنے طیارے کو تباہ کرنے کا الزام لگایا تھا جس کا بعد میں جیکب نے خود اعتراف بھی کیا۔
حادثے کے چند ہفتوں بعد نیشل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے تفتیش کاروں نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور جیکب کو ملبہ محفوظ رکھنے کا حکم دیا تھا۔
یوٹیوبر نے حکام کو بتایا تھا کہ کہ وہ نہیں جانتا کہ طیارہ کیسے گرا لیکن لاس اینجلس میں تصفیے کے لیے دائر ایک درخواست کے مطابق ڈرامے کے دو ہفتے بعد یوٹیوبر اور ان کے ایک دوست نے ملبے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جنگل سے باہر نکالا اور طیارے میں لگے کیمروں سے ڈیٹا حاصل کیا۔
اگلے چند دنوں میں یوٹیوبر نے طیارے کو ٹکڑوں میں کاٹ دیا تھا اور لامپوک سٹی ایئرپورٹ کے اردگرد کے کوڑے دانوں میں ملبہ پھینک دیا تھا۔
ایف اے اے نے اپریل 2022 میں یوٹیوبر پائلٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔ تصفیے کے دائر درخواست کے مطابق جیکب نے اعتراف کیا کہ جب اس نے ملبے کو ٹھکانے لگایا تو اس نے وفاقی حکام کی تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا ارادہ کیا تھا اور پیسے کمانے کے لیے ویڈیو بنائی تھی۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/e62tJmp
No comments